شمالی وزیرستان پاکستان میں خودکش حملہ، 3 ہلاک، 14 زخمی
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے سیکورٹی فورسز کے قافلے میں گھس کو خود کو اڑا لیا جس سے 3 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکورٹی فورسز کا قافلہ دتا خیل سے میرانشاہ جا رہا تھا جب موٹرسائیکل سوار ایک خودکش بمبار نے فوجی قافلے میں گھس کو خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس دھماکے سے تین عام شہری جاں بحق اور 14 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں 9 سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ نے سیکورٹی حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر باہدف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے اور ایک آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے کی خبر ہے۔
افغانستان سے ملے اس علاقے میں 10 دسمبر کو ایسا ایک آپریشن انجام دیا گیا تھا جس میں داعش خراسان گروپ کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
یہ آپریشن ان اطلاعات کی بنیاد پر انجام دیا گیا تھا جن میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان سے داعش کے چند دہشت گرد پاکستان میں گھس کر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینا چاہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران پاکستان سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔