Dec ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کی سیاسی صورتحال، زرداری اور شہباز شریف کے درمیان اہم گفتگو

پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے روکنے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں جس کے لیے انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے اہم ملاقاتیں کیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے دونوں قائدین نے ملکی معاشی و سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے رابطے بڑھانے اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کا ٹاسک چوہدری شجاعت کو دینے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف اور آصف زرداری نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جب تک چوہدری شجاعت کی جانب سے کوئی گرین سگنل نہیں دیا جاتا اُس وقت تک پرویز الہیٰ سے براہ راست کوئی رابطہ نہیں کیا جائے گا، دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورت حال پر گہری نظر رکھنے اور متحرک رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے شہباز شریف کو آگاہ کیا کہ انہوں نے پنجاب میں پڑاؤ طویل کرلیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں اتفاق گیا ہے کہ ملک میں کسی کو سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے جبکہ معیشت کو ڈیفالٹ کرانے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔

عوام کے ریلیف، معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے متعلق امور پر دونوں قائدین نے مشاورت کی جبکہ معاشی بہتری کے ساتھ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ٹیگس