چودھری پرویز الہی پنجاب کے وزیراعلی نہیں رہے، پاکستانی وزیر داخلہ کا دعوی
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے دعوی کیا ہے کہ چودھری پرویز الہی پنجاب کے وزیر اعلی نہیں رہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بدھ کو صوبائی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے بعد چودھری پرویز الہی وزیر اعلی نہیں رہے ۔
انھوں نے کہا کہ گورنر کو آئینی طور پر یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی وقت وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت دے سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعلی گورنر کی ہدایت پر اعتماد کا ووٹ نہ لے یہ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوجائے تو آئین کے مطابق اپنے عہدے پر باقی نہیں رہتا۔
انھوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے وزیر اعلی پرویز الہی کو بدھ کی چار بجے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینےکی ہدایت کی تھی لیکن انھوں نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا لہذا اپنے عہدے پر باقی نہیں رہے ۔
دوسری طرف سینیئر پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے پنجاب اسمبلی میں چودھری پرویز الہی کے اعتماد کے لئے اپنے اراکین کی تعداد پوری نہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے ایک رکن پنجاب اسمبلی کے بیٹے کی کیمو تھراپی ہورہی ہے اور چار پانچ اراکین عمرہ کرنے گئے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اتنا وقت تو دینا چاہئے کہ اراکین واپس آجائیں ۔