Dec ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۹ Asia/Tehran
  • ڈی آئی خان میں دہشت گردی، اسلام آباد میں دہشت گردی کا خطرہ، قومی سلامتی کا اجلاس 

پاکستان کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا واقعہ رونما ہوا ہے جبکہ دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دہشت گردی کے خطرے کی بات کی جا رہی ہے اور اسی تناظر میں ملک کی قومی سلامتی کا اجلاس آج بلایا گیا۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہرڈیرہ اسماعیل خان میں ٹکواڑہ پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے ٹکواڑہ میں واقع پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے علی الصبح 3 اطراف سے حملہ کیا۔

حملے کے دوران دشت گردوں کی طرف سے راکٹ لانچر اور دستی بموں سمیت دیگر جدید ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، کلاچی سمیت ضلع بھر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا آج اجلاس بلایا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں عسکری قیادت، خفیہ اداروں کے سربرہان اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔

اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر غور کیا گیا اور عسکری حکام نے دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنے مشورے دئے۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب  دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ممکنہ دہشت گرد ذاکر خان ولد لائق جس کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، دہشت گردی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔

ٹیگس