Jan ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان:  کے پی کے میں پولیس اسٹیشن پر حملہ

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں ایک پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کی خبر ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان میں دہشت گردوں نے نئے عیسوی سال میں دہشت گردانہ حملوں کا آغاز صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملے سے کیا ۔ رپورٹوں کے مطابق دہشت گرد بھاری اسلحے سے لیس تھے اور حملہ کرکے  فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

ڈی پی او لکی مروت نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے اس حملے میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا ۔

یاد رہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے چند ہفتے قبل حکومت کے ساتھ فائربندی سمجھوتہ ختم کرتے ہوئے اپنے اراکین سے کہا تھا کہ پورے ملک میں دہشت گردانہ حملے شروع کردیئے جائیں ۔ پاکستان بھر میں دہشت گردانہ حملے بڑھ جانے کے بعد دو روز قبل اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان کے آرمی چیف سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان، کابینہ کے وزرا اور بعض دیگر اعلی رتبہ عہدیداروں نے شرکت کی تھی ۔ اجلاس کے بیانیے میں دہشت گردوں کو ملک کا دشمن قرار دیتے ہوئے اعلان کیا گیا تھا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ اس سلسلے میں تین جنوری کو بھی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

 

ٹیگس