پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کو بدنام اور معیشت کے بارے میں ابہام پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف میں صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا ۔ اجلاس میں ملک میں جاری حالیہ دہشتگردانہ کارروائیوں سمیت دیگر ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نظر رکھنے کے علاوہ معیشت کو نشانہ بنانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی قومی سلامتی کمیٹی اس اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد اور دیگر فوجی قیادت کے علاوہ اہم وفاقی وزراء نے شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نے اپنی کا بینہ کا اجلاس کل منگل کو طلب کرلیا ہے جس کا مقصد وزرا اور مشیروں کو قومی سلامتی کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں سے آگاہ کرنا ہے۔