پاکستان کا کوئی ایریا دہشت گردوں کے قبضے میں نہیں ہے: رانا ثناء اللّٰہ
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی یا کسی اور دہشت گرد تنظیم سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے دعوی کیا کہ دہشت گرد افغانستان سے آتے ہیں، کارروائی کر کے چلے جاتے ہیں، پاکستان نے افغان حکومت کے سامنے ثبوت رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے گی، پاکستان کا کوئی ایریا دہشت گردوں کے قبضے میں نہیں ہے۔
رانا ثناء نے کہا کہ افغانستان نے وعدہ کیا تھا کہ اس کی سرزمین کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغان حکومت کو کہا جائے گا کہ وہ وعدہ نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ ٹی ٹی پی یا کسی اور دہشت گرد تنظیم سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
اجلاس میں آرمی چیف نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے معاملے پر مکس پیغامات نہیں دینے چاہییں، بیانیے میں وضاحت ہونی چاہیے کہ کسی دہشت گرد سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے اجلاس میں یہ بات دو ٹوک انداز میں ثبوتوں کے ساتھ کی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ کوئی حملہ آور ہو تو بین الاقوامی قوانین اجازت دیتے ہیں کہ اپنے دفاع میں اس کو روک سکتے ہیں ۔