Jan ۱۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • ٹی ٹی پی کے حوالے سے پی ٹی آئی پرغلط پالیسی اپنانے کا الزام

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سابق تحریک انصاف حکومت پر الزام لگایا ہے کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے سلسلے میں اُس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی ملک میں مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/پاکستان: وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نے گزشتہ روز غیر ملکی نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق تحریک انصاف حکومت پر یہ الزام عائد کیا کہ اسکی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی پاکستانی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، دہشتگردوں سے مفاہمت کی سابق پالیسی غلط تھی اور اسی نے مسائل پیدا کئے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے سابق حکومت کی غلط پالیسی کو ختم کیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و فوجی قیادت نے تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انٹرویو میں پاکستانی وزیر خارجہ نے افغان طالبان کی جانب سے خواتین کی تعلیم پر پابندی اور فلاحی اداروں کے اہلکاروں اور میڈیا پر عائد پابندیوں کے باوجود عالمی برادری کو طالبان کے ساتھ بات چیت کرنے اور انہیں اپنے وعدوں پر قائل کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کا حل طالبان حکومت سے بات چیت ہی ہے جس میں انہیں خواتین کے حقوق یا دہشت گردی جیسے مسائل کے سلسلے میں عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے قائل کیا جانا ضروری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور حالیہ مہینوں کے دوران اُس نے تواتر کے ساتھ پاکستان کے سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

 

ٹیگس