Jan ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • شیخ رشید کی لال حویلی سیل

شیخ رشید کے بھتیجے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے دستاویزات کے ساتھ متروکہ وقف املاک کے دفتر جانے کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے زیر استعمال لال حویلی سیل کر دی گئی۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان نے لال حویلی کے 7 یونٹس سیل کئے جبکہ متروکہ وقف املاک نے آپریشن کیلئے پولیس اور ایف آئی اے سے مدد لی۔

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رات میں مجھے گرفتارکرنا چاہتے تھے، میں ادھر ادھر ہوگیا، یہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، بہانہ بنا کر انہوں نے حویلی کو سیل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے کوئی نوٹس انہیں نہیں ملا  اور وہ معاملے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔

 سابق وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے لوگوں کی دکانوں کو سیل کردیا ہے ، صرف لوگوں کی توجہ مہنگائی اور پٹرول سے  ہٹانے کیلئے یہ ایسا کررہے ہیں ، اگر یہ پراپرٹی ہماری ذاتی نہیں تو جو چور کی سزا ہے ہمیں دے دی جائے ۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی کے خلاف کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔

یاد رہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کے بھتیجے اور سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے 3 روز قبل اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ لال حویلی سیل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے جس کی دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں۔

شیخ راشد شفیق نے لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک میں کیس چل رہا ہے جس کی تاریخ 15 فروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کی شبانہ کارروئی پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے، رات کے اندھیرے میں چور ڈاکو کارروائی کرتے ہیں۔

ٹیگس