Feb ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں پولیس لائن کے قریب دھماکہ، 5 افراد زخمی

کوئٹہ میں دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/پاکستان: کوئٹہ میں پولیس لائن کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا اور پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان دہشت گردی کی نئی لہر کا شکار ہے، جس میں زیادہ تر حملے صوبہ خیبرپختونخوا میں ہوئے اور حملوں کا یہ سلسلہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سرحدی علاقے ضلع میانوالی تک بھی پہنچا۔

اس سے قبل 30 جنوری کو پیر کے روز پشاور کے ریڈ زون علاقے میں ایک زور دار خودکش دھماکا ہوا تھا جہاں 300 سے 400 کے درمیان لوگ (جن میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی تھی) نماز کے لیے جمع تھے۔

خودکش دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں مسجد کی دیوار اور اندرونی چھت گر گئی تھی۔ 

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے کہا تھا کہ خودکش حملے میں ایک سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، تاہم گزشتہ روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے پشاور پولیس نے کہا کہ خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی فہرست میں سے دہرائے گئے ناموں کو نکالنے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 84 کر دی ہے۔

ابتدائی طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم بعد میں اس نے خود کو اس سے الگ کر لیا لیکن ذرائع نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ کالعدم گروہ کے کسی مقامی دھڑے کا کام ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج دھماکہ ایک سے میں ہوا ہے کہ جب پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کا نمائشی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

ٹیگس