Feb ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran
  • آئین و قانون کی بالادستی کیلئے گرفتاری پیش کی: علامہ راجا ناصر عباس جعفری

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے ساتھیوں سمیت گرفتاری دے دی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت تیسرے روز پی ٹی آئی کے 6 رہنماؤں، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس سمیت درجنوں کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں دیں جنہیں ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلیے جیل میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

قیدی وین کا دروازہ نہ کھولنے پرعلامہ راجہ ناصر عباس وین کے آگے کھڑے ہو گئے،وین کا لاک زبردستی کھلوایا گیا،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ مرکزی قائدین صوبائی وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم بھی موجود تھے۔ اس موقع پرعلامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے گرفتاری پیش کررہا ہوں، مہنگائی، کرپشن اورلاقانونیت کیخلاف گرفتاری پیش کررہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو قائد و اقبال کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ہم بیرونی قوتوں کی کٹھ پتلی حکومت کو نہیں مانتے، ہماری جدوجہد پاکستان کو خود مختار و باوقار بنانے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی جبر و غریب کش فیصلوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ کل تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور فیاض چوہان نے بھی جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق راولپنڈی میں گرفتاری دینے والے پی ٹی آئی اور مجلس وحدت مسلمین کے 47 افراد کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلیے جیل بھیج دیا ہے، جس کے بعد وہ ایک ماہ تک نظر بند رہیں گے یہ اقدام پولیس کی سفارش پر اٹھایا گیا ہے۔

ٹیگس