پاکستان: زائرین اربعین کے زمینی سفر کا معاملہ؛ مذاکرات کا اعلان
پاکستان کے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کراچی میں زائرین مارچ کے قائدین سے ملاقات کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کراچی میں جاری زائرین مارچ کے مظاہرین سے ملاقات کرنے کی بات کہی ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی رہنما انجینئر حمید حسین بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ ترجمان مجلس وحدت مسلمین سید شہریار کے مطابق طلال چوہدری مجلس وحدت مسلمین کی قیادت میں جاری زائرین مارچ کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ اس ملاقات سے زائرین کو درپیش مسائل پر پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، اور پرامن حل کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
اس سے قبل صوبے سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ صوبہ و وفاق کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے زائرین کے مسائل حل کرنے کی مکمل کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے تحت زائرین امام حسین (ع) کو زمینی راستے سے ایران اور عراق جانے پر عائد پابندی کے خلاف مارچ جاری ہے، جس میں علما، کارکنان، خواتین و بچوں سمیت بڑی تعداد میں عوام شریک ہیں۔