کشتی حادثے میں مزید سات پاکستانیوں کی موت
لیبیا کے ساحلی شہر بن غازی میں ایک کشتی حادثے میں کم از کم سات پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران لیبیا کے ساحل کے قریب ہوئے کشتی حادثے میں اپنے سات شہریوں کی موت کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ لیبیا میں پاکستان کا سفارت خانہ جاں بحق افراد کی شناخت کے عمل میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ اور خارجہ امور کی وزارت جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حکام اور ہلال احمر کی انٹرنیشنل کمیٹی کے تعاون سے لاشیں پاکستان لائی جائیں گی۔خیال رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ کے آخر میں جنوبی اٹلی کے ساحل میں پیش آیا تھا جس میں کم از کم سولہ پاکستانی شہری اپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔ حادثے میں متعدد بچوں سمیت پینسٹھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں اکثر افغان اور پاکستانی شہری تھے۔