پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جائیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 مارچ تک ہو گی۔
کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 27 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی، الیکشن ٹریبونلز اپیلوں کو 3 اپریل تک نمٹائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے، انتخابی نشان 6 اپریل کو دیئے جائیں گے۔
قبل ازیں 3 مارچ کو ہی الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کے لیے تاریخ تجویز کی تھی، الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحاً اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مراسلے تحریر کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو مراسلہ ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لیے مورخہ 30 اپریل سے 7 مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھیں۔