Mar ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۱ Asia/Tehran
  • چارسدہ کوہات میں آٹا تقسیم کے دوران ایک شخص ہلاک، کئی زخمی

پاکستان کے شہروں چارسدہ اور کوہاٹ میں مفت آٹا تقسیم کرنے کے دوران ایک شخص کے ہلاک اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلور مل کی دیوار آٹے کے انتظار میں کھڑے لوگوں پر آ گری۔ پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنو ڈسٹرکٹ میں فلورمل کی دیوار گرنے سے ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے، یہ افراد مفت آٹا کے حصول کےلئے فلورمل کی دیوار کے ساتھ کھڑے تھے۔ جب کہ چارسدہ بازار میں مفت آٹا تقسیم  کے وقت بھگدڑ کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت شیر افضل بتائی جا رہی ہے جب کہ جمال، شیر عالم اور ایک خاتون زخمی ہوگئ جس کے بعد مظاہرے شروع ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں آٹا تقسیم پوائنٹ کے باہر پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی افراد زخمی ہوگئے جن میں کئی عورتیں بھی شامل ہیں جنہیں بعد میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس واقعے کے بعد کوہاٹ راولپنڈی روڈ کو ان مظاہرین نے چار گھنٹے کےلئے بند کر دیا جو مطالبہ کر رہے تھے کہ انہیں حکومت کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں مفت آٹا اسکیم سے حصہ نہیں مل رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف نے اس واقعے پر کہا کہ انتظامیہ کو ایک ہزار افراد میں آٹا تقسیم کرنا تھا لیکن موقع پر تین ہزار افراد جمع ہوگئے جو بدنظمی پیدا کر رہے تھے اور پولیس کو انہیں کنٹرول کرنے کےلئے مجبورا لاٹھی چارج کرنا پڑا۔

مقامی سیاسی شخصیات نے انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آٹا تقسیم کرنے کےلئے صرف پوائنٹس کا قیام بہت نامناسب تھا کیونکہ آٹے کے حصول کےلئے لوگوں کو دوردراز کے علاقوں سے وہاں پر آنا پڑا جس کی وجہ سے یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

ٹیگس