Mar ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ پولیس گاڑی پر دہشتگردانہ حملہ، ڈی ایس پی سمیت پانچ جاں بحق

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخواہ میں پولیس کی گاڑی پر ہوئے دہشتگردانہ حملے میں ڈی ایس پی سمیت چار سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ تھانہ صدر پر دہشت گرد حملے کی اطلاع پر ڈی ایس پی اقبال مہمند موقع پر روانہ ہوئے مگر جب ان کی گاڑی پیر والا موڑ کے قریب پہنچی تو وہ بارودی مواد کے دھماکے کا شکار ہو گئی۔

اس دہشتگردانہ واقعے میں ڈی ایس پی اور ان کے ہمراہ چار سکیورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ چھے زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل دہشت گردوں نے تھانہ صدر پر حملہ کیا تھا جس کے بعد پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کی بھاری نفری کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو گزشتہ مہینوں کے دوران مختلف علاقوں بالخصوص شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی اور بد امنی کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے جس کے تحت پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر تواتر کے ساتھ دہشتگردانہ حملے ہو رہے ہیں۔

ٹیگس