پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات ملتوی ہونے کے خلاف سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات ملتوی ہونے کے خلاف کیس سننے والا سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: گزشتہ رات جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کے تناظر میں لارجر بینچ میں شامل جسٹس امین الدین خان نے کیس سننے سے معذرت کر دی ۔ آج سپریم کورٹ میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کے لیے آیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں ۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد بینچ کارروائی جاری رکھنا چاہتا ہے۔
جسٹس امین الدین کے یہ بات کہنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا ۔ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس میں اب نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے۔ وزیراعظم نے وزیر قانون سینیٹر اعظم نزیر تارڑ کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کر دی۔
کمزور اور بے بنیاد وجوہات پر کیوریٹیو ریویو ریفرنس دائر کرنے کی وجہ سے حکومت نے اس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔