Apr ۱۶, ۲۰۲۳ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور اور 5 پولیس اہلکار سڑک حادثے میں جاں بحق

پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور اور 5 پولیس اہلکار سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔

 سحر نیوز/پاکستان: جمیعت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے، اُن کی ناگہانی موت پر وزیر اعظم، صدر مملکت سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا جبکہ وفاقی وزیر کی اسلام آباد میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے۔ جہاں ہائی لکس ریوو گاڑی سے مولانا عبدالشکور کی کار کی ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں اُن کی گاڑی دو قلا بازیاں کھاتی ہوئی فٹ پاتھ سے ٹکرائی۔

مولانا عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت مفتی عبدالشکور گاڑی خود چلا رہے تھے۔

وفاقی وزیر کے ساتھ گاڑی میں محافظ بھی تھے جو حادثے میں شدید زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جس گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری اُس میں سوار پانچ میں سے تین افراد کو چوٹیں آئیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کی خضدار قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کوئٹہ میں ٹریننگ پر تھے اور عید کی چھٹیوں پر لسبیلہ جارہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق حادثہ کار اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق اہلکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

ٹیگس