May ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ملک کے حالات بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کو جنرل عاصم منیر کا انتباہ

پاکستان کےچیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے ملک میں پیش آنے والے تلخ واقعات کو ایک منظم منصوبہ بندی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات کے رونما ہونے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملک کی خاطر اپنی جان نچھاور کرنے والوں پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف نے اس موقع پر حال ہی میں ملک کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے بعض تلخ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہیں ایک منظم سازش کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے رینک اینڈ فائل کے سامنے اس عزم کو ایک بار پھر دہرایا کہ نو مئی کے یوم سیاہ پر قوم کی توہین کرنے والے تمام ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

فوجی جوانوں اور افسران سے بات چیت کے دوران آرمی چیف نے پروپیگنڈا، اندرونی اور بیرونی پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے افواجِ پاکستان کی مہارانہ صلاحیتوں اور تیاری کو برقرار رکھنے کے لیے توجہ دینے پر زور دیا۔

ٹیگس