May ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا ہے جس میں وہ بال بال بچ گئے۔

سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق سراج الحق کا قافلہ کوئٹہ سے ژوب میں داخل ہو رہا تھا اس پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس میں حملہ آور ہلاک جبکہ قافلے میں شامل متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
خودکش حملہ آور کی لاش اور اس حملے میں زخمی ہونے والے چھے سے سات افراد کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اس خودکش دھماکے میں محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق سراج الحق بعد میں بحفاظت پولیس لائن پہنچ گئے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق امیر جماعت سراج الحق کو ژوب میں جماعت اسلامی کے جلسے سے خطاب کرنا تھا۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے واقعے میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بدامنی پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ٹیگس