پاکستان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکہ، 22 اہلکار زخمی
پاکستان کے ڈیرہ اسماعیل خان میں صدر تھانے کی حدود میں چہکان کے علاقے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تقریباً 22 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، موٹر سائیکل پر سوار ایک نامعلوم خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا لیا، حملے کے نتیجے میں کم از کم 22 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قافلہ پر اُس وقت حملہ ہوا جب وہ جنوبی وزیرستان کے ضلع منزہ جا رہا تھا۔ حملے کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ان زخمی اہلکاروں کو ڈیرہ اسمعٰیل خان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔