Jun ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایرانی میزائل فتاح کی رونمائی کا پاکستانی ذرائع ابلاغ میں بڑے پیمانے پرانعکاس

ایران کے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ’فتاح‘ کی رونمائی کا عالمی میڈیا اور پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار جنگ نے یہ سرخی لگائی ہے: ایران کے پہلے مقامی ساختہ ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ’فتّاح‘ کی رونمائی- ایران کے پہلے مقامی ساختہ ہائپرسونک بیلسٹک میزائل ’فتّاح‘ کی رونمائی کردی گئی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ایران کے ایلیٹ ریوولوشنری گارڈز کور کے کمانڈروں نے بھی ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’فتّاح‘ نامی میزائل کی تصویریں بھی تقریب میں شائع کی گئیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے گارڈز کی ایرو اسپیس فورس کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’فتّاح ہائپرسونک میزائل‘ کی رینج 1,400 کلومیٹر ہے اور یہ تمام قسم کی دفاعی شیلڈز میں گھسنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ ہائپرسونک میزائل آواز کی رفتار سے کم از کم 5 گنا تیز اور پیچیدہ رفتار سے پرواز کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں روکنا مشکل  ہے۔ ایرانی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران کا ’فتّاح میزائل‘امریکا اور اسرائیل  کے جدید میزائل شکن نظام کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایران کا امریکی اور یورپی مخالفت کے باوجود بھی کہنا ہے کہ وہ اپنے دفاعی میزائل پروگرام کو مزید ترقی دے گا۔

اور روزنامہ دنیا نے یہ خبر لگائی ہے: ایران نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل 'فتّاح' کی رونمائی کردی- ایران نے پہلے مقامی ساختہ ہائپرسونک بیلسٹک میزائل 'فتّاح' کی رونمائی کردی۔ 15 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار رکھنے والا بیلسٹک میزائل ’فتّاح‘ ہائپرسونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیز اور پیچیدہ رفتار پر پرواز کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں روکنا مشکل ہو جاتا ہے سکتا ہے۔ میزائل کی رونمائی تقریب کے موقع پر ایرانی ائیر چیف امیر علی حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ اس میزائل کو تباہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ مختلف اونچائیوں پر کئی سمتوں میں بڑی تیزی سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رونمائی تقریب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سمیت پاسداران انقلاب کے سینیئر کمانڈرز نے بھی شرکت کی، اب تک صرف امریکا، روس، چین اور شمالی کوریا ہی ہائیپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرچکے ہیں۔

اور روزنامہ ڈان نے یہ سرخی لگائی ہے: ایران نے اپنے پہلے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل ’فتاح‘ کی رونمائی کردی- ایران نے اپنے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ ہائپرسونک بیلسٹک میزائل ’فتّاح‘ کی رونمائی کردی۔ ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کی رونمائی کی خبر کو رپورٹ کیا۔

ایران کی جانب سے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کی رونمائی تہران کی میزائل صلاحیتوں کے بارے میں مغربی ممالک کے خدشات کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے ’فتّاح‘ نامی میزائل کی تصویریں شائع کیں، میزائل کی یہ تصاویر ایک تقریب کے دوران لی گئی تھیں جس میں صدر ابراہیم راہیسی اور ایران کے ایلیٹ ریولوشنری گارڈز کور کے کمانڈروں نے شرکت کی۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ کے حوالے سے بتایا کہ ’فتّاح‘ ہائپرسونک میزائل 14 سو کلومیٹر رینج میں ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے اور یہ تمام دفاعی نظاموں کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہائپرسونک میزائل آواز کی رفتار سے کم از کم پانچ گنا تیز تر پرواز کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں روکنا مشکل ہو جاتا ہے، گزشتہ سال اسلامی جمہوریہ نے کہا تھا کہ اس نے ایک ہائپر سونک بیلسٹک میزائل بنایا ہے۔

سرکاری ٹی وی نے کہا کہ ایران کا ’فتّاح‘ میزائل دشمن کے جدید میزائل شکن نظام کو نشانہ بنا سکتا ہے اور یہ میزائل سازی کے میدان میں بہت بڑی کامیابی ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی نے کہا کہ یہ میزائل اسرائیل کے آئرن ڈوم سمیت امریکا اور صیہونی حکومت کے جدید ترین اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کو چکما دے سکتا ہے۔ اس نے مزید رپورٹ کیا کہ ’فتّاح‘ کی رفتار15 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔

امریکی اور یورپی ممالک کی مخالفت کے باوجود اسلامی جمہوریہ نے کہا کہ وہ اپنے دفاعی میزائل پروگرام کو مزید جدت دے گا، تاہم مغربی عسکری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران بعض اوقات اپنی میزائل صلاحیتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔

واضح رہے کہ کل ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے ہائپر سونک میزائل فتاح کی صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی اور سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ کی موجودگی میں رونمائی کی گئی۔

ٹیگس