پاکستان: فوجی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان
پاکستانی فوج کے فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس میں اعلان کیا گیا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق فوج کے فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس جی ایچ کیو میں فوج کے سربراہ، جنرل عاصم منیر کی صدارت میں ہوئی ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں فوج کے فارمیشن کمانڈروں کے ساتھ ہی کور کمانڈروں اور پرنسپل اسٹاف افسران نے بھی شرکت کی۔
اس رپورٹ کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے نو مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کی یادگاروں، جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاؤس لاہور اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے گا۔
اس کانفرنس سے خطاب میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نومئی کے حملوں کے کافی ناقابل تردید شواہد جمع کئے گئے ہیں جنہیں نہ جھٹلایا اور نہ ہی ان میں تحریف کی جاسکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیاں آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہی چلائی جائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی دستوں کی حراست میں تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں جو مسلح افواج کو بدنام اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے لگائے جارہے ہیں۔