Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے، قومی اسمبلی

پاکستان کی قومی اسمبلی نے نو مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث افراد پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کی قرار داد پاس کر دی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان قومی اسمبلی میں یہ قرارداد وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کی ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ نومئی کو آئین پاکستان اور قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ملکی سلامتی کے اداروں اور فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے ۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ انیس سو اٹھاون کے تحت ایک دن کی بھی تاخیر کے بغیر کاروائی مکمل کر کےانھیں سزا دلوائی جائے ۔جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کیسز کو فوجی عدالتوں میں بھجوانے کی مخالفت کی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں نو مئی کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک گیر تشدد پھوٹ پڑا تھا اور مشتعل ہجوم نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو اور لاہور میں ، کور کمانڈر ہاؤس سمیت مختلف فوجی مراکز پر بھی حملے کئے تھے۔

حکومت سابق وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو ان پر تشدد واقعات کے لئے جواب دہ قرار دیتی ہے جبکہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری کے بعد منصوبہ بند طریقے سے یہ بلوے کرائے گئے تاکہ افواج پاکستان کو ان خلاف کیا جائے اور عام انتخابات سے پہلے انہیں نا اہل قرار دے دیا جائے۔

ٹیگس