آئی ایم ایف کے بعض مطالبات ناقابل قبول ہیں: اسحق ڈار
پاکستان کے وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے تازہ بیان پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اس کے بعض مطالبات کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور آئی ایم ایف کی ہر بات نہیں مان سکتا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن بیرونی عناصر اس ملک کو دیوالیہ کر دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ آئی ایم ایف کا دباؤ ہے کہ آئی ٹی میں ملک کے نوجوانوں کو رعایت نہ دی جائے ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر ہم آئی ٹی میں ملک کے نوجوانوں کو رعایت دیئے جانے پر پابندی نہیں لگا سکتے ۔ انھوں نے بین الاقواقی مالیاتی فنڈ کے تازہ بیان پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں کسی بھی شعبے میں ٹیکس کا استثنا نہ دیا جائے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک خود مختار ملک کی حیثیت سے ہمیں ٹیکس میں چھوٹ دینے کا حق حاصل ہونا چاہئے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے لئے صرف دو ہفتے رہ گئے ہیں اور اگر پاکستان اس میں ناکام ہوا تو دیوالیہ ہو سکتا ہے