پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اے ٹی سی یا انسداد ہشت گردی کی لاہور عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ حماد اظہر، میاں اسلم اقبال اور دیگر افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
ملزمان کے خلاف تھانہ نصیرآباد اور ماڈل ٹاؤن پولیس نے مقدمات درج کئے تھے۔ دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نو مئی کو پیش آنے والے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھراؤ سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اسد عمر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ضمانت کی درخواستیں خارج ہوتے ہی شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو عدالت سے تیزی کے ساتھ باہر نکلتے اور گاڑی کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ پی ٹی آئی کے ان تینوں رہنماؤں میں سے کسی کو بھی تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔
نومئی کو سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا جس کے دوران بعض افراد کی جانب سے فوجی اور سول تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ حکومت ان واقعات کا ذمہ دار پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو قراردے رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے اپنے خلاف سازش قرار دیا ہے۔