پاکستانی عدالت: عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دے دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج ہمایوں دلاور نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے ٹرائل کورٹ کو بھیجے گئے ریفرنس کی برقراریت کو چیلنج کرنے والے پی ٹی آئی سربراہ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، ریفرنس میں ان پر توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات چھپانے کا الزام ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک سیشن عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس میں اس نے توش خانہ کیس کو ناقابل سماعت قرار دینے کی پی ٹی آئی سربراہ کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے اعتراض اٹھایا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے توشہ خانہ کیس کی درخواست قابلِ سماعت قرار دی اور آج سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
سیشن جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 12 جولائی کے لیے مقرر کردی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے پر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے 12 جولائی کو گواہان کو شہادت کے لیے طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔