Jul ۲۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  • پشاور باڑا میں دہشت گردوں کا حملہ، 5 سیکورٹی اہلکار جاں بحق، 12 زخمی

پشاور باڑا میں چند گھنٹوں کے اندر دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ اور ایک عمارت پر حملہ کرکے پانچ سیکورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور 12 سے زیادہ افراد کو زخمی کر دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے ایک بار پھر باڑا کے علاقے میں دہشت گردانہ کاروائی انجام دی ہے۔ پاکستانی میڈیا نے سیکورٹی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر اور باڑا بازار کے سامنے موجود پولیس اسٹیشن پر حملے کی غرض سے آنے والے دو خودکش حملہ آوروں کو پولیس نے پہنچان لیا جس پر دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کاروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ دوسرے نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے واصل جہنم کر لیا جس سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا جس کے باعث تین پولیس اہلکار جاں بحق اور 10 دوسرے زخمی ہوگئے جن میں تین عام شہری بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بننے والی عمارت میں سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس ایجنسی کے دفاتر اور مقامی انتظامیہ کے دفاتر موجود ہیں۔ سی ٹی ڈی نے چند روز قبل ایک کاروائی کے دوران ایک گینگ کے چار افراد کو ہلاک اور 13 دیگر کو ایک مخبری کی بنیاد پر کئے جانے والے آپریشن میں گرفتار کر لیا تھا۔

یاد رہے کہ بدھ کے دن ریگی ٹاؤن پشاور میں ایک چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

ٹیگس