پاکستان: تاسوعا اورعاشورائے حسینی پر سکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل فون سروس بند، اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد
پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تاسوعا اورعاشورائے حسینی پرسکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور سکیورٹی کے سنگین خدشات کے پیش نظر محرم الحرام میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے حکومت نے فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ جبکہ صوبہ سندھ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
صوبہ سندھ میں محرم کے دوران اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، قانون نافد کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند رہے گی، صوبائی محکمۂ داخلہ نے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کر دیا۔
کوئٹہ میں محرم الحرام کے دوران موبائل سروس بند کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے محکمۂ داخلہ و قبائلی امور نے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کر دیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں 9 محرم الحرام کو صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک موبائل سروس بندرکھی جائے ۔
مراسلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 10 محرم الحرام کو صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون، انٹرنیٹ سروس، پی ٹی سی ایل وی سروس بند رکھی جائے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے حساس اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ سبی، نصیرآباد اور کوئٹہ ڈویژن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہوٹلز اور عوامی مقامات پر وی سی آر اور فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہفتہ 29 جولائی کو عاشورائے حسینی ہے۔