عمران خان پر 22 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے توہینِ کمیشن کے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 22 اگست کو طلب کرلیا۔
سحرنیوز/پاکستان: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شعیب شاہین، فواد چوہدری کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری اور اسد عمر ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ابھی تک مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنا کی درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال جانا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کئی دنوں سے روزانہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔
وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کوشش ہوگی، اگلی سماعت ستمبر میں رکھیں، ہماری چھٹیاں ہیں آج کل۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگست کی تاریخ لیں، پھر ہم مصروف ہوجائیں گے۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللّٰہ خان نے کہا کہ آج تو چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنی تھی، فرد جرم عائد کرنے کے لیے ان کی حاضری لازمی ہے۔