چینی کمپنی، گوادر کے رہائشیوں کے لئے صاف پانی فراہم کرے گی
چین، گوادر کے رہائشیوں کے لئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ، مقامی مچھیروں کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوادر پروجیکٹ پر کام کرنے والی ایک چینی کمپنی، گوادر کے رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔رپورٹ کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس میں بات کرتے ہوئے کمپنی کے نمائندے یو بو نے کہا وہ گوادر کو ایک گاؤں سے ایک جدید شہر میں بدل دیں گے جو سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی سے مزین ہوگا۔
چین کی کمپنی کے نمائندے کے مطابق اس پروجیکٹ میں گوادر کے مچھیروں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ سمندری خوراک کے کام کو فروغ دیا جاسکے۔
چینی کمپنی کے چئیرمین نے کہا کہ چین اس پروجیکٹ میں بہت بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے جن میں ایک ائیرپورٹ اور صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر فری زون میں اقتصادی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے اور 6 کمپنیوں نے پورٹ کے نزدیک 25 ہیکٹر کے علاقے میں اپنے دفاتر بنائے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کامرس آف چیمبرز کے صدر کاشف انور کے بیان کے مطابق، وہ جلد ہی گوادر کا دورہ کریں گے جس سے نہ صرف چین پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ہمسایہ ممالک ایران، افغانستان اور سنٹرل ایشیاء کے ممالک بھی استفادہ کریں گے۔