چینی شہریوں پر حملہ، پاک چین دوستی پر حملہ ہے: پاکستان
پاکستان نے چینی شہریوں پر حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی پر حملہ قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی اور چینی شہریوں پر حملے کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ واقعے کے ذمے دار پاکستانی نہیں، بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ چینی دوستوں کی سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی پاک چین پائیدار دوستی پر حملہ تصور کرتے ہیں اور اس بزدلانہ کارروائی کرنے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک اپنی چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ کل رات کراچی میں ائرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 2 چینی انجینئروں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ شہر بھر میں اس کی آواز سنائی دی جب کہ واقعے میں کئی گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ حملےمیں چھوٹی کار استعمال کی گئی ۔
تفتیشی ذرائع کابتانا ہے کہ کار سوارخودکش حملہ آور قافلےکے نکلنےکا انتظارکررہا تھا اور قافلہ پہنچتے ہی کارسوار نے اپنی گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرادی جب کہ کار میں ممکنہ طورپربارود تھاجس سےگاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔