Aug ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • دہشت گردی سے مقابلے کےلئے کے پی پولیس میں خصوصی یونٹوں کا قیام

کے پی پولیس نے دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے سواٹ ٹیمیں بنانے کا اعلان کیا ہے جو جدید ترین ہتھیاروں اور تربیت کی حامل ہوں گی۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کے پی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر پولیس کے خصوصی سواٹ دستے بنانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے 70 فیصد دہشت گردانہ حملے کے پی پولیس کے خلاف ہوئے ہیں اور ان میں پولیس کے 154 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ سال پولیس کے 63 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق خطرناک صورتحال سے نمٹنے کےلئے پولیس کے یہ خصوصی دستے استعمال کئے جائیں گے جن کے ساتھ خصوصی انٹیلی جنس آپریشن اور فیلڈ انٹیلی جنس کے یونٹ مل کر کام کریں گے۔
کے پی پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی کو طویل وقت اور اچھی کوالٹی کے کیمروں والے ڈرون طیاروں سے مسلح کیا جائے گا جو پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے داخل ہونے کے مقامات کی نگرانی کےلئے استعمال ہوں گے۔
اس کے علاوہ پولیس کو جیوفنسنگ، ویڈیو کانفرنس سسٹم، سگنل شارک، تھرمل ویپن سائٹ، بلیسٹک گوگلز، فیس ڈیٹکشن نظام ، آٹومیٹک نمبرپلیٹ شناخت اور دوسرے جدید نظاموں سے مسلح کیا جائے گا۔
کے پی پولیس کے مطابق اس سال پولیس کےلئے سوشل میڈیا پر نظر رکھنے والا نظام بھی حاصل کیا جائے گا۔

ٹیگس