Aug ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۶:۳۸ Asia/Tehran
  • اٹک جیل
    اٹک جیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں ہوگی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج اٹک جیل میں ہوگی۔ پاکستان کی وزارت قانون نے سائفر کیس کی سماعت کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

پاکستانی وزارت قانون کے مطابق سائفر کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین سیکریٹ ایکٹ کے تحت کریں گے۔ وزارت قانون کے مطابق مذکورہ کیس کی سماعت کے لئے وزارت داخلہ نے سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے، اسی بنا پر سماعت اٹک جیل میں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سائفر کیس میں آج ہی پی ٹی آئی  کے چیئرمین کا جوڈیشل ریمانڈ بھی مکمل ہورہا ہے۔

ادھر پی ٹی آئی نے عمران خان  کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل منتقل کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارا آئین ہر شہری کو منصفانہ سماعت کا بنیادی حق دیتا ہے، توشہ خانہ کی طرح سائفر کیس میں بھی ناانصافی کی بنیاد رکھ دی گئی  ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عدالت میں پیشی کا بنیادی قانونی تقاضا پورا کئے بغیر پی ٹی آئی کا عدالتی ریمانڈ دیا گیا، بند کمرہ ٹرائل کی نہ تو قانون میں کوئی گنجائش ہے اور نہ ہی آئین اس کی اجازت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطل کرتے ہوئے  گزشتہ روز ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ کے باعث ان کی رہائی نہیں ہوسکی۔

 

ٹیگس