پاکستان کی طرف سے کسٹم کے مسائل کے حل کے لیے قریبی تعاون کی یقین دہانی
پاکستان کی نیشنل ریونیو آرگنائزیشن کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مستحکم کرنے کی غرض سے کسٹم کے مسائل کے حل کے لیے قریبی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی نیشنل ریونیو آرگنائزیشن کے سربراہ ملک امجد زبیر نے اپنے ملک میں متعین ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون بالخصوص دونوں ملکوں کے سرحدی تعلقات، کسٹم اور سرحدی بازاروں کو فعال کرنے سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
امجد زبیر نے مزيد کہا کہ پاکستان دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے کسٹم کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر نے بھی کہا کہ ریمدان گبد سرحدی مارکیٹ کو فعال کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان کے نیشنل ریونیو آرگنائزیشن کے سربراہ اور اس ملک میں ایران کے سفیر نے بھی کسٹم کے امور، موثر بارڈر مینجمنٹ اور باہمی تجارت کو ہموار کرنے، خاص طور پر میرجاوہ تفتان کراسنگ کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو فعال بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
امجد زبیر اور امیری مقدم نے سرحدی نقل و حمل اور دونوں ممالک کے شہریوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے میرجاوہ تفتان کراسنگ پر مزید گیٹ نصب کرنے کے امکان کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔اس رپورٹ کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایران اور پاکستان کے متعلقہ حکام تمام سرحدی مسائل کے حل کے لیے اس ماہ کے آخر تک ایک اور اجلاس کریں گے۔
گزشتہ ماہ اگست میں پاکستان کی عبوری حکومت کے وزیر اعظم نے، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ باضابطہ تجارت کو بڑھانے کے لیے، دونوں ممالک کے درمیان سرحدی بازاروں کو زیادہ سے زیادہ فعال کرنے پر زور دیا تھا- اس کے بعد پاکستان کے وزیر داخلہ نے بھی اس ملک کے حکام کے ساتھ ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تین نئی سرحدی گزرگاہوں کو کھولنے کے لیے حتمی اقدامات میں تیزی لانے پر تاکید کی تھی۔