Sep ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • افغانستان سے پاکستان غذائی اجناس کی درآمد معطل

طورخم سرحد پر افغانستان سے پاکستان غذائی اجناس خصوصا پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پی پی کیو سی سرٹیفیکیشن نہ ہونے کی بنیاد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں افغان سرحد پر کسٹم حکام نے افغانستان سے پاکستان درآمد کی جانے والی غذائی اجناس خصوصا پھلوں اور سبزیوں پر پی پی کیو سی سرٹیکفیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پابندی سے کسٹم حکام اور کسٹم کلیرنگ ایجنٹوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں اور وہ کسٹم حکام پر الزام لگا رہے ہیں کہ انہوں نے اس پابندی کے بارے میں بروقت آگاہ نہیں کیا اور فوری طور پر جو سامان ٹرکوں میں لدا ہوا ہے، اس کی سرٹیفیکیشن حاصل نہیں کر سکتے۔ جبکہ پاکستانی کسٹم حکام کے مطابق یہ قانون چند سال پہلے سے لاگو ہے۔ کسٹم روڈ اور دفاتر کی جانب جانے والے روڈ پر پھلوں اور سبزیوں کو درآمد کرنے والے تاجروں نے مظاہرہ اور دھرنا بھی دیا۔ رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے ملک میں افغانستان کی جانب سے غذائی اجناس کے ساتھ آئی زرعی فصلوں اور اجناس کی بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کےلئے پی پی کیو سی قوانین لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق تمام غذائی اجناس، پھلوں اور سبزیوں کو کھلی جگہ میں اسپرے کرکے احتمالی بیماریوں سے بچانا ہوتا ہے۔ مقامی امپورٹروں کے مطابق 50 کے قریب پھلوں اور سبزیوں سے لدے ٹرک افغانستان سائیڈ پر رکے ہوئے ہیں اور وہ پاکستان حکام کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے منتظر ہیں۔

ٹیگس