پاکستان: جماعت اسلامی کا لاہور کے بعد کوئٹہ میں دھرنا
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اتوار کو کوئٹہ گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کی کال دے دی۔
سحرنیوز/پاکستان: لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے تیسرے روز خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ میرا مسئلہ آصف زرداری کی طرح بلاول کو وزیراعظم بنانا نہیں ہے، میرا مسئلہ نواز شریف کی طرح مریم نواز کو وزیراعظم بنانا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری قوم مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے، پاکستان میں ہر چیز مہنگی ہے صرف ایک چیز سستی ہے اور وہ موت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ غریب کا چولہا ٹھنڈا اور دو وقت کی روٹی نہ ملے تو جماعت اسلامی نکلتی ہے۔
جب مظلوم کو عدالتوں میں انصاف نہ ملے تو پھر جماعت اسلامی نکلتی ہے، جماعت اسلامی امید کی شمع بن کر میدان میں نکلتی ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر نے گورنر ہاؤس لاہور کے باہر 3 روزہ دھرنے کے اختتام پر شرکاء سے خطاب میں پوچھا کہ اسلام آباد بلاؤں گا تو جاؤ گے؟ جس کے بعد انہوں نے کوئٹہ میں دھرنے کی کال دے دی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔