یورپی ممالک اسلامو فوبیا کے خلاف فوری کارروائی کریں: پاکستان
پاکستان نے نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپی ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی نفرت انگیز اور اسلام مخالف کارروائیوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں پاکستان سمیت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تازہ ترین حواس باختہ اور انتہائی جارحانہ حرکت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ جان بوجھ کر اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا کے اقدامات سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور اس طرح کی حرکتیں آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں نظرانداز نہیں کی جاسکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نیدرلینڈز کے حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسی نفرت انگیز اور اسلامو فوبیا کے اقدامات روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اظہار کی آزادی ذمہ داری کے ساتھ ہوتی ہے، قومی حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبیا کی کارروائیوں کو سختی کے ساتھ روک دینا چاہیے۔
دفترخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کے لیے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 2022 میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے منظور کی گئی قرارداد کے پیچھے بنیادی فلسفہ یہی تھا۔
واضح ہے کہ قرآن مجید کی توہین کے خلاف ایران، سعودی عرب اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں زبردست احتجاج ہوا اور اس کی مذمت کی گئی جبکہ اسلامی تعاون تنظیم نے آزادی اظہار کے نام پر قرآن مجید اور دیگر مذہبی کتابوں کے تقدس کو مجروح کرنے کی تمام کوششوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف متحد ہو جائیں۔