پاکستان کے فیصلے پر افغانستان کا شدید رد عمل، فیصلے پر نظر ثانی کیا جائے
افغانستان نے پاکستان کی جانب سے افغان شہریوں کی ملک بدری پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغان شہریوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس پالیسی پر نظر ثانی کریں۔
طالبان حکومت کا یہ ردعمل پاکستان کی نگراں حکومت کی جانب سے پاکستان کے افغان شہریوں کو الٹی میٹم دیئے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بغیر دستاویزات کے رہ رہے تمام افغان شہریوں کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی جاتی ہے ورنہ قید ہوگی یا انہیں ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق حکام 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد تارکین وطن کی غیر قانونی جائیدادوں اور کاروباروں کو نشانہ بنانے کے لیے آپریشن شروع کریں گے۔
پاکستان کی حکومت کا یہ فیصلہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں آرمی چیف سمیت دیگر نے شرکت کی۔