Oct ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق میزائل سسٹم کا مقصد خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو بڑھانا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ویپن سسٹم لانچنگ کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے دیکھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا مقصد مختلف ڈیزائن، تکنیکی پیرا میٹرز اور ہتھیاروں کے مختلف نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کامیاب تجربے میں تعاون پر تمام لوگوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔

علاوہ ازیں صدر، وزیراعظم پاکستان اور سروسز چیفس نے بھی اس کامیابی پر اسٹریٹجک فورسز کے تمام ارکان کو مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ جنوری 2017 میں پاکستان نے 2200 کلومیٹر تک پرواز کرنے والے پہلے ابابیل میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اُس وقت کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا ابابیل میزائل 2200 کلومیٹر تک پرواز کرسکتا ہےاور اس میزائل کی خاص بات اس میں استعمال ہونے والی ایم آئی آر وی ٹیکنالوجی ہے جو ایک سے زیادہ اہداف کو بیک وقت نشانہ بنا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس میزائل نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو مزید مستحکم بنادیا ہے، پاکستان اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے والا دنیا کا ساتواں ملک بن گیا ہے۔

ٹیگس