Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • غزہ کے معاملے پر عالم اسلام کی خاموشی حیرت انگیز ہے: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر عالم اسلام کی خاموشی حیرت انگیز ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے انتیس اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے باہرغزہ مارچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پرخاموش رہنا غاصب صیہونی حکومت کا ساتھ دینا ہے- حکمرانوں نے ابھی تک غزہ کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اسرائیل کا یکطرفہ ساتھ دینے کا اعلان امریکا کی کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اٹھارہ دن سے غزہ پر بارود کی بارش جاری ہے اور یہ سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، مسئلہ فلسطین پر حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے، وہ خوف اور ڈر میں مبتلا ہیں۔ سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صیہونی مصنوعات کے بائیکاٹ اور غاصب صیہونی حکومت کے سفیروں کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی حکومت کو عالمی دہشت قرار دیا جائے- سارے حکمراں فلسطینیوں کی فوجی اور مالی امداد کریں۔

ٹیگس