Oct ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نےسائفر کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

سحرنیوز/ پاکستان: اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اخراج مقدمہ کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

سائفر کیس سننے والی خصوصی عدالت برائے آفیشل سیکرٹ ایکٹ نے پہلے ہی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے خلاف سابق وزیراعظم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم سائفر کو وصول کیا اور بظاہر گم کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ کے مطابق سائفر کے مندرجات کو ٹوئسٹ کر کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، دفترِ خارجہ کے سابقہ اور موجودہ افسران بالخصوص سائفر بھیجنے والے اسد مجید کے بیانات ریکارڈ پر ہیں۔

فیصلے کے مطابق دفترِ خارجہ کے افسران کے بیانات سے واضح ہے کہ اس میں کوئی غیرملکی سازش شامل نہیں۔

 

ٹیگس