Nov ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں عام انتخابات 11 فروری 2024 کو ہوں گے؟

سپریم کورٹ میں ملک میں عام انتخابات 90 روز میں کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکیل نے کہا ہے کہ 11 فروری کو الیکشن کرادیں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: سپریم کورٹ میں 90 دنوں میں عام انتخابات کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکم دیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آج ہی اس معاملے پر صدرِ مملکت سے مشاورت کریں۔

90 روز میں انتخابات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کیا انتخابات کی تاریخ دی، جس پر وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی نے بتایا کہ ملک میں عام انتخابات 11 فروری کو ہوں گے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 29 جنوری کو حلقہ بندیوں سمیت تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے اور 11 فروی کو ملک بھر میں انتخابات ہوں گے۔

وکیل کی جانب سے تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ 3 سے 5 دن حتمی فہرستوں میں لگیں گے اور 5 دسمبر کو حتمی فہرستیں مکمل ہو جائیں گی، 5 دسمبر سے 54 دن گنے جائیں تو 29 جنوری بنتی ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات میں عوام کی آسانی کے لیے اتوار ڈھونڈ رہے تھے، 4 فروی کو پہلا اتوار بنتا ہے جبکہ دوسرا اتوار 11 فروری کو بنتا ہے، ہم نے اپنے طور پر یہ فیصلہ کیا کہ 11 فروری والے اتوار کو الیکشن کروائے جائیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو بھی تاریخ حتمی آئے گی اس پر الیکشن کمیشن کو پابند کریں مزید آگے پیچھے نہ ہو، ہم الیکشن کمیشن کا کام خود نہیں کریں گے مگر انہیں پابند کریں گے۔

ٹیگس