Dec ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں عام انتخابات کی سرگرمیاں شروع

پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں اور امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا اور اس کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پچیس سے تیس دسمبر تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں ریٹرننگ افسران کی آسانی کے لئے آن لائن سہولت مرکز قائم کردیا۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ سہولت مرکز نادرا، قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے ، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے تعاون سے کام کررہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ مرکز چوبیس گھنٹے کام کررہا ہے ۔

دوسری طرف صوبہ سندھ کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ مجموعی طور پر آٹھ ہزار آٹھ سو چالیس امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں۔

ٹیگس