Dec ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۲:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے عام انتخابات: نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی لاہور کے حلقہ این اے 130 سے منظور کیے گئے ہیں۔

سحرنیوز/ پاکستان: الیکشن 2024ء کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ جاری ہے۔ این اے 130 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو ریٹرننگ افسر نے آج طلب کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی این اے 130 پر منظور ہو گئے ہیں۔ نوازشریف نے لاہور کے حلقے این اے 130سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جہاں ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد سے ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ حکام نے میرے بھی کاغذات منظور کرلیے ہیں۔

جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن 25 سے 30 دسمبر تک انتخابی کاغذات کی جانچ پڑتال کرے گا۔ کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کےخلاف اپیلوں کی سماعت کے لیے 24 ٹریبونلز تشکیل دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ میرے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہے، پی ٹی آئی سب سے زیادہ واویلا کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے 2 ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

واضح رہے کہ انتخابات 2024 کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی ایک ہزار 85 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جس میں تین ہزار سے زائد خاتون امیدوار بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد اب وہ الیکشن لڑنے کے اہل ہوگئے ہیں۔

ٹیگس