سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویزالہٰی کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف اپیل پردوبارہ سماعت کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور پرویز الہٰی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
سپریم کورٹ نے پی پی بتیس گجرات کی حد تک پرویز الہٰی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی ہے۔عدالتِ عظمٰی نے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پرویز الہٰی کا نام اور انتخابی نشان بیلٹ پیپر پر چھاپنے کی ہدایت کر دی جس پر پرویزالہٰی نے باقی تمام انتخابی حلقوں سے دستبرداری اختیار کرلی۔
جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بینچ میں شامل تھے۔