Feb ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • عوامی رائے کی بنیاد پر حکومت وجود میں آئے گی: وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کے لیے ہرممکن قدم اٹھارہے ہیں انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔

سحر نیوز / پاکستان :اسلام آباد سے میڈیا ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دولت مشترکہ کے مبصر گروپ سے ملاقات کی ہے ۔ مبصر گروپ کی قیادت ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن کررہے ہیں۔ پاکستان وزیر اعظم نے وفد کی انتخابات کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔

پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیاء اسکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے اقدامات کی قدردانی کی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024ء کی شفافیت کے لیے عالمی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کیلئے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے، نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔

دریں اثنا وفد نے سیکٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وفد نے انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

 

 

ٹیگس