Feb ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۰ Asia/Tehran
  • موبائل فون سروس کی بندش کے بارے میں نگراں وزير داخلہ پاکستان کا بیان

پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کرنا کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا۔

سحرنیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز  نے کہا کہ انتخابات سے ایک رات پہلے 28 شہادتیں ہوچکی تھیں، ہمیں انٹیلی جنس رپورٹ موصول ہوئیں تھی دونوں حملے خود کش نہیں تھے، دونوں حملے ڈیٹونیٹر ڈیوائس سے کیے گئے۔

پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں جیسے ٹی ٹی پی، داعش اور غیرملکی اسپانسر شدہ عسکریت پسند تنظیموں کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملے کر کے امن و امان کی سنگین صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ قوم کے اعتماد کو متزلزل کر کے انہیں اپنے جمہوری حق کے استعمال سے باز رکھیں۔

نگراں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا مشکل ترین سیکیورٹی حالات میں انعقاد ملک کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، الیکشن کے پُرامن انعقاد کا سہرا قانون نافذ کرنے والے اداروں، افواج پاکستان، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ریاستی اداروں کے سر ہے، ان ہی کی کاوشوں سے انتخابات کے دن دہشت گردی کے واقعات کے باوجود، کامیاب انعقاد یقینی بنا۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ ہم شہریوں اور سیاسی رہنماؤں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انتخابی عملے کو بغیر رکاوٹ فرائض انجام دینے دیں، پولنگ اسٹیشنز سے آر او آفس جانے والی سڑکیں بند کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کام میں مزید تاخیر نہ کریں، اُمید کرتے ہیں یہ الیکشن قوم کے لیے خوش آئند ہو گا اور پاکستانی عوام کے لیے خوش حالی کا مرکز بنے گا۔

ٹیگس