Feb ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کی قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی معرض وجود میں آ گئی، نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔

سحرنیوز/ پاکستان: 16 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا- اسپیکر راجا پرویز اشرف نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، 

اس دوران ایوان میں شدید شور شرابا رہا، جس پر اسپیکر اسمبلی نے اظہارِ برہمی کیا۔ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، جس پر اسپیکر نے انہیں متنبہ کیا کہ پہلے حلف لیں گے، پھر بات ہوگی۔

 

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا تھا۔

تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ ہوگا- موصولہ خبروں کے مطابق سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کل ہوگا اور پھر وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے- 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی اور اسی روز ہی وزیراعظم کا اپنے عہدے کا حلف لینے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے، بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے امیدوار عبدالخالق اچکزئی بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوئے جب کہ پی پی کی غزالہ گولہ بھی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئیں۔

ادھر بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بھی آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

 

ٹیگس