پاکستان کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے مظاہرے، متعدد گرفتار
پاکستان کے مختلف شہروں میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج، بہاولپور میں تحریکِ انصاف کے 140 کارکنان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گیے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان سے موصولہ خبروں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ملک کے مختلف شہروں میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا۔ جس کے بعد بہاولپور میں تحریک انصاف کے ایک سو چالیس کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں
یہ مقدمات پولیس کے مطابق، تھانہ سول لائنز اور تھانہ صدر میں پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ایف آئی آرز 16 ایم پی او و دیگر دفعات کے تحت درج کی گئیں۔ پولیس کے مطابق انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
لاہور میں پی ٹی آئی کے وکلا کو روکنے کےلیے پولیس نے ہائی کورٹ کے مرکزی دروازے پرتالا ڈال دیا، جی پی او چوک اور شاہدرہ میں پولیس اورمظاہرین آمنے سامنےآئے جنہیں منتشر کرنے کےلیے لاٹھی چارج کیا گیا اور متعدد کو گرفتارکرلیا گیا۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی نے عمر ایوب کی قیادت میں احتجاج کیا جبکہ راولپنڈی میں شیر افضل مروت کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
کراچی میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی نے پریس کلب کے باہرمظاہرہ کیا۔
اس کے علاوہ بہاولپور، گجرات، گوجرانوالا، چشتیاں، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں، سکھر، بدین، ٹھٹہ، عمر کوٹ اور لکی مروت میں بھی تحریک انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مظاہرے کیے۔